Published: 07-07-2024
دنیا کی امیر ترین شخصیات میں سے ایک مکیش امبانی کے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل سنگیت کی تقریب میں سلمان خان کی پرفارمنس نے 1990 کے عشرے کی یاد تازہ کردی۔ آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی سنگیت کو ستاروں سے سجے ایک گرینڈ ایونٹ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جس میں ناصرف انٹرٹینمنٹ بلکہ اسپورٹس و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کی سامنے آنے والی کچھ ویڈیوز میں سے ایک بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی بھی تھی جو ہونے والے دولہے میاں آننت امبانی کے ساتھ ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں۔ اس ویڈیو میں سلمان خان کو اپنی بلاک بسٹر فلم "پیار کیا تو ڈرنا کیا" کے مشہور گیت "او او جانے جاناں" پر اسی طرح پرفارمنس کرتے دیکھا جاسکتا ہے جیسی انہوں نے فلم میں پرفارم کیا تھا۔ اس دوران آننت امبانی بھی سلمان خان کے ساتھ گیت پر ڈانس کے اسٹیپ کو فالو کرتے نظر آئے۔ لیکن بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ آننت نے ڈانس کرتے ہوئے اداکارہ، گلوکارہ و پریزینٹر آئیولیا وینٹر کو بھی ڈانس فلور پر کھینچ لیا جنہوں نے سلمان خان کے ساتھ ڈانس شروع کردیا۔ واضح رہے کہ 2016 میں سلمان خان سے متعلق یہ افواہیں بھی زیر گردش تھیں کہ انہوں نے اداکارہ آئیولیا ونٹر سے خفیہ طور پر منگنی کرلی ہے، تاہم اداکار نے ان افواہوں کی تردید کردی تھی۔