Published: 08-07-2024
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، ٹورنامنٹ کے دسویں میچ میں پاکستان چمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کو 79 رنز سے شکست دیدی، پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور صہیب مقصود نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان چیمپئنز کی جانب سے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ کامران اکمل اور شرجیل خان تو بڑا اسکور نہ کرسکے لیکن صہیب مقصود اور شعیب ملک نے خوب رنگ جمایا۔ صہیب نے چھ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 64 رنز بنائے جبکہ شعیب ملک نے 33 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان چیمپئنز کا اسکور 4 وکٹ پر 196 رنز رہا، جوابی بیٹنگ میں انگلینڈ چیمپئنز کو کسی بھی موقع پر کھل کر کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔ فل مسٹرڈ 30 رنز اور 24 رنز بنانے والے کیوین او برائن کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی پاکستان چیمپئنز کی مضبوط بولنگ کا سامنا نہ کرسکا اور پوری ٹیم 17 اوورز میں 117 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔پاکستان چیمپئنز کے سعید اجمل نے 3 اور عبدالرزاق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔