غزہ کو اسرائیل و حماس نہیں، امریکی و عرب فورس سنبھالے گی، امریکی جنگ بندی نکات

Published: 12-07-2024

Cinque Terre

اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرا ت کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے نکات سامنے آ گئے۔جنگ بندی کے امریکی نکات کے حوالے سے امریکی اخبار نے مضمون شائع کیا ہے جس کے مطابق جنگ بندی کی صورت میں اسرائیل اور حماس میں سے کوئی غزہ کو کنٹرول نہیں کرے گا۔امریکی اخبار کے مطابق امریکا اور معتدل عرب ریاستوں کی حمایت یافتہ سیکیورٹی فورس غزہ کا کنٹرول سنبھالے گی۔امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ فورس کے ارکان کا چناؤ ڈھائی ہزار افراد کے پول سے ہو گا، فلسطینی اتھارٹی سے لیے گئے ان ڈھائی ہزار افراد کی اسرائیل سیکیورٹی کلیئرنس دے گا۔مذاکرات کے امریکی نکات کے مطابق جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں حماس 35 اسرائیلی قیدی رہا کرے گی، قیدیوں کی رہائی کے جواب میں اسرائیل سیکڑوں فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔امریکی اخبار نے کہا ہے کہ حماس پہلے مرحلے میں اسرائیلی خواتین اور 50 سال سے بڑی عمر کے فوجی رہا کرے گی۔امریکی اخبار میں شائع نکات میں کہا گیا ہے کہ غزہ کا معاملہ طے ہونے پر لبنان میں بھی اقدامات ہوں گے، لبنانی حکومت حزب اللّٰہ کو اسرائیلی سرحد سے دور لے جائے گی۔جنگ بندی کے امریکی نکات پر اخبار کے مضمون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جواب میں اسرائیل لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے نکل جائے گا۔

اشتہارات