پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ پہلے پارٹی سطح پر زیر غور لانے پر اتفاق

Published: 20-07-2024

Cinque Terre

تحریک انصاف پر پابندی اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایوان صدر میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں مخصوص نشستوں اور دیگر اہم معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی ہر آئینی اور قانونی فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ مشاورتی اجلاس میں گفتگو کے دوران کہا گیا کہ تحریک انصاف کا رویہ جمہوری نہیں ہے۔ پی ٹی آئی خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے تو رویہ بھی سیاسی جماعت جیسا اپنانا ہوگا۔ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹے ملاقات جاری رہی۔ مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم نے پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلہ کے قانونی نکات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی لیگل ٹیم نے مستقبل میں ان فیصلوں کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ پی پی نے حکومتی فیصلوں پر پارٹی میں مشاورت اور سی ای سی سے توثیق لینے کا کہا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پی ٹی آئی سے متعلق تمام فیصلے اتفاق رائے سے کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔

اشتہارات