امریکی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کا الزام، اوپن اے آئی نے ایرانی اکاؤنٹس بند کردیے

Published: 18-08-2024

Cinque Terre

چیٹ جی پی ٹی کی ذیلی کمپنی اوپن اے آئی نے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران اثر انداز ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ایرانی گروپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کے اکاؤنٹس بند کردیے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسٹروم 2035 نامی گروپ اے آئی چیٹ بوٹ کے ذریعے امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹروم 2035 نامی گروپ نے چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے امریکی انتخابی امیدواروں، غزہ کے تنازع اور اسرائیل کی اولمپک گیمز میں شرکت سے متعلق مواد تیار کیا تھا اور یہ مواد سوشل میڈیا اور مختلف ویب سائٹس کے ذریعے پھیلایا گیا تھا۔اوپن اے آئی کی تحقیقات کے مطابق اس گروپ نے چیٹ بوٹ کا استعمال کرتے ہوئے طویل مضامین اور مختصر سوشل میڈیا پوسٹس تیار کیں لیکن یہ کوشش زیادہ کامیاب نہیں ہوئی کیونکہ زیادہ تر پوسٹس پر کوئی خاص توجہ نہیں ملی اور مضامین بھی زیادہ شیئر نہیں ہوئے۔اوپن اے آئی نے اس گروپ کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس پر پابندی عائد کر دی اور مزید پالیسی کی خلاف ورزیوں کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔مزید برآں اوپن اے آئی نے بتایا کہ اس نے مئی میں پانچ اور خفیہ اثر انگیز آپریشنز کو بھی ناکام بنایا تھا جو اس کے ماڈلز کو آن لائن دھوکا دہی کےلیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔واضح رہے کہ اوپن اے آئی کے اس بیان پر ایرانی گروپ کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

اشتہارات