Published: 19-08-2024
بھارتی کامیڈین منور فاروقی نے کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ریپ اور قتل پر ردعمل دیا اور کہا کہ میں بطور مرد شرمندہ ہوں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 9 اگست کو کولکتہ کے میڈیکل کالج اور اسپتال میں خاتون ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی اور قتل کے واقعے نے پوری بھارتی قوم کو ہلاکر رکھ دیا ہے، اس واقعے پر منور فاروقی نے بھی ردعمل دیا۔انہوں نے کہا کہ اسپتال ایسی جگہ ہے جہاں جان بچائی جاتی ہے، ایسی جگہ جہاں ہر وقت ہر کوئی چوکنا ہوتا ہے، اس جگہ کو ہم محفوظ سمجتے ہیں لیکن وہاں پر جان بچانے والا ڈاکٹر محفوظ نہیں، اس واقعے نے مثال قائم کردی کہ عورت کہیں بھی محفوظ نہیں۔32 سالہ کامیڈین سے پوچھا گیا کہ وہ واقعے کو بطور مرد کیسے دیکھتے ہیں اور کیا کہنا چاہیں گے؟ اس پر منور فاروقی نے جواب دیا کہ بطور مرد میں شرمندہ ہوں، صرف کولکتہ واقعے پر ہی نہیں بلکہ ہم بچیوں کے ساتھ ایسے واقعات سنتے آرہے ہیں، شرمناک بات تو یہ ہے کہ لوگ جانوروں کو بھی نہیں چھوڑتے۔انہوں نے درخواست کی کہ اس نوعیت کے معاملے کو مرد بمقابلہ عورت نہ بنائیں، یہ جو بحث چل رہی ہے، اس پر مردوں سے کہوں گا خواتین جو کہہ رہی ہیں، اسے نظر جھکا کر سُن لو، اگر وہ فرسٹریشن میں سب مردوں کو برا کہہ رہی ہے تو بھی سن لو، دراصل عورتیں اس وقت بہت ہی مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔