Published: 12-09-2024
جھنگ (چوہدری بلال بیورو چیف)شاہ جیونہ جھنگ کے نواحی علاقے موضع دوسیرہ میں قائم عمارہ پبلک سکول کی انتظامیہ معصوم بچوں کو تعلیم دینے کے بجائے ان سے مزدوری کا کام لینے لگی۔ گرمی کے موسم میں سکول کی انتظامیہ بچوں سے سارا دن سکول کی نئی عمارت کی تعمیر کے لئے ان سے اینٹیں، ٹائلیں اور دیگر سامان کندھوں پر لاد کر مرکزی شاہراہ سے سکول کی عمارت تک پہنچانے کا کام لے رہی ہے۔ بچوں کے والدین نے وزیراعلی پنجاب،صوبائی وزیر تعلیم، سیکرٹری تعلیم اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچوں سے مزدوروں کا کام لینے کے خلاف عمارہ پبلک سکول انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزراء مخدوم فیصل صالح حیات اور سیدہ عابدہ حسین کے آبائی شہر شاہ جیونہ کے نواحی علاقے موضع دوسیرہ میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیراہتمام چلنے والا عمارہ پبلک سکول کلاس اول سے پنجم تک تعلیم دے رہا ہے۔ ان بچوں کی عمریں پانچ سے دس گیارہ برس تک ہیں۔ مذکورہ سکول اس وقت چھوٹی سے عمارت میں اپنا تعلیمی سلسلہ جاری و ساری رکھے ہوئے ہے۔ سکول کی پرنسپل نے گزشتہ برس نئی عمارت کے لئے جگہ خریدی جس پر تعمیرات کا کام جاری ہے تاہم سکول کی تعمیر پر مزدوروں سے کام لینے کے بجائے انتظامیہ نے معصوم بچوں سے سارا دین اینٹیں اور ٹائلیں اٹھوانے کے ساتھ ساتھ دیگر کام لینا شروع کر دیا ہے۔ اس بات کا علم جب والدین کو ہوا تو ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی خدمت کرنا ہر طالب علم کا فرض ہے تاہم معصوم بچو ں سے مشقت کا کام لینا انتہائی زیادتی کی بات ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کے اس رویئے پر سخت احتجاج کیا اور سکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معصوم بچوں سے مشقت کا کام لینے کے بجائے صرف ان کی تعلیم وتربیت پر توجہ مرکوز رکھیں۔ بچوں کے والدین نے وزیراعلی پنجاب مریم نوازاور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، صوبائی سیکرٹری تعلیم پنجاب،ڈپٹی کمشنر جھنگ اور سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جھنگ سمیت اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عمارہ پبلک سکول کے اس اقدام کے خلاف ایکشن لیں۔ اس حوالے سے جب سکول کی پرنسپل سے ان کا موقف لینے کے لئے رابطہ کیا گیا تو ان کا موبائل نمبر مسلسل بند جا رہا تھا۔