Published: 24-09-2024
بھارت کے سپر اسٹار رام چرن نے اپنے والد اور لیجنڈ اداکار چرن جیوی کو لاکھوں لوگوں کی انسپریشن قرار دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رام چرن نے اپنے والد چرن جیوی کا نام گنیز بگ آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے پر انہیں مبارک باد دی ۔اسٹار اداکار نےچرن جیوی کی عامر خان اور ورلڈ ریکارڈکے ہمراہ تصویر شیئر کی اور والد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے لیجنڈ اداکار کا بیٹا ہونا قابل فخر بات ہے۔اپنے پیغام میں رام چرن نے مزید کہا کہ مبارک ہو، اپا، بھارتی سنیما میں سب سے زیادہ قابل فلمی ستارے کا ایوارڈ حاصل کرنے کےلیے، آپ نے 45 سالہ فلمی کیریئر میں 145 سے زائد فلمیں کیں، 537 گانوں میں 24 ہزار سے زائد ڈانس مووز کیں، آپ کی محنت میرے اور لاکھوں دیگر لوگوں کےلیے ایک انسپیریشن ہے۔چرن جیوی نے بھی اس یادگار موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لمبا نوٹ تحریر کیا اور ہر اُس شخص کا شکریہ ادا کیا، جس نے اُن کی اس راستے میں مدد کی۔انہوں نے مزید کہا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ ایک ایسی چیز ہے، جس کا میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا، یہ میری فلموں کے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کی وجہ سے ممکن ہوا، جنہوں نے مجھے کئی برس فلم میں پرفارم کرنے کا موقع فراہم کیا۔اتوار کو گنیز ورلڈ ریکارڈ نے 69 سالہ چرن جیوی کو بھارتی فلم نگری کا سب سے زیادہ انمول اداکار قرار دیا، انہیں حیدر آباد میں ایک تقریب کے دوران اعزاز سے نوازا گیا۔