سان کانفرنس 6 اکتوبر کو چنیوٹ موڑ پر منعقد ہو گی بابا لطیف انصاری ہزاروں کسان اور ملک بھر سے کسان نمائندے شریک ہوں گے‘ رہنماء کسان رابطہ کمیٹ

Published: 24-09-2024

Cinque Terre

جھنگ (چوہدری بلال بیورو چیف) کسان کانفرنس 6 اکتوبر کو چنیوٹ موڑ پر منعقد ہو گی۔ بابا لطیف انصاری ہزاروں کسان اور ملک بھر سے کسان نمائندے شریک ہوں گے۔ رہنماء کسان رابطہ کمیٹی جھنگ پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری فاروق طارق، پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا لطیف انصاری، جھنگ کسان رابطہ کمیٹی کے راہنماؤں اکبر جٹ اور نور محمد خان بلوچ, چوہدری تنویر ضلعی صدر پاکستان لیبر قومی موومنٹ, شیخ نثار, زین جٹ,اعجاز وڑائچ  نے سیکٹر چنیوٹ موڑ پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں جھنگ کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتوار چھ اکتوبر کو دارلسکینہ روڈ پر کسان کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں۔ پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا لطیف انصاری نے کہا کہ جھنگ کسان کانفرنس میں مزدوروں کی بھی بھرپور شرکت ہو گی۔ مزدور اور کسان مل کر اتحاد کے ذریعے اپنے مطالبات کو مؤثر طور پر پیش کر سکتے ہیں۔ کانفرنس میں مطالبہ کیا جائے گا کہ حکومت کسانوں کی فصلوں کا کم از کم ریٹ متعین کرنے کی پالیسی جاری رکھے اور گندم، کپاس، گنا، مکئی اور دیگر فصلوں کی کم از کم قیمت باقاعدگی سے متعین کرے اور اس کے ادارے کسانوں سے فصلوں کو خریدنے میں کردار ادا کریں۔ پچھلے سیزن میں حکومت نے پنجاب میں گندم خریدنے سے انکار کر کے چھوٹے کسانوں اور زمین داروں کو جو نقصان پہنچایا اس کا ازالہ کیا جائے۔ کانفرنس میں مطالبہ کیا جائے گا کہ کارپوریٹ فارمنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ زمینوں کو بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں اور ملکی بڑے اداروں کے حوالے کرنے سے زراعت کو فائدہ ہونے کی بجائے  نقصان ہو گا زمینوں کو چھوٹے اور بے زمین کسانوں میں تقسیم کیا جائے اور انہیں ریاستی سطح پر زمینیں آباد کرنے کے لئے بلا سود قرضہ جات فراہم کئے جائیں۔ بابا لطیف انصاری کا کہنا تھا کہ جھنگ میں پانی کا نظام از سر نو مرتب کیا جائے۔ بجلی کا ریٹ کسانوں کے لئے دس روپے فی یونٹ مقرر کیا جائے۔ کسانوں کو کھاد اور زرعی مشینری پر سبسڈی دی جائے۔ شوگر ملیں کاشتکاروں کو گنے کے بقایا جات فوری ادا کریں۔ تاریخی شہر جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دیا جائے اور جھنگ ٹیکسٹائل پاور لوم ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈ جاری کیے جائیں۔
 

اشتہارات