جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کی کاوشوں کو سلام پیش کرتی ہوں: بیگم عابدہ بشیر

Published: 26-09-2024

Cinque Terre

جھنگ (چوہدری بلال بیورو چیف) جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کی کاوشوں کو سلام پیش کرتی ہوں‘آئندہ پنجاب اسمبلی اجلاس میں جھنگ ڈویژن کیلئے بھرپور آواز اٹھاؤں گی‘ان خیالات کا اظہار ایم پی اے بیگم عابدہ بشیرنے کیا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ جھنگ مخصوص سیٹوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والی جھنگ کی واحد خاتون ایم پی اے بیگم عابدہ بشیر نے کہا ہے کہ پنجاب کے سب سے قدیمی ضلع جھنگ کو ڈویژن کا درجہ ضرور ملنا چاہیے۔ جھنگ ایک ریاست تھا جس کو 1849 میں انگریزوں نے ضلع کا درجہ دیا تھا۔ ضلع جھنگ کی حدود شیخوپورہ‘ میانوالی‘ سرگودھا و دیگر علاقوں سے ملتیں تھی۔ وقت کی ستم ظریفی کہ جھنگ ایک ضلع تک محدود رہا جبکہ اسکی تحصیلیں ضلع اور ڈویژن بن گئیں جو اس قدیم ضلع کی حق تلفی ہے۔ جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کے سرپرست شیخ محمد اقبال‘ بانی صوفی رمضان انقلابی‘ قائد سردار امیر خان مزاری‘ چیئرمین علی رحمان انصاری‘ مرکزی صدر محمد ریاض شاہد خان‘ جنرل سیکرٹری ملک محمود الحسن‘ آسیہ اعجاز شیخ‘ ریاض عشرت بھٹی‘ شاہد چوہدری‘رانا رمضان سمیت تمام ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جو جھنگ ڈویژن کیلئے اپنا کردار بخوبی ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کے وفد سے ایک ملاقات میں کیا۔ بیگم عابدہ بشیر کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ بہت جلد ان کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں منتخب نمائندوں کے ذریعے جھنگ ڈویژن کیلئے یادداشت پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کی جانب سے بیگم عابدہ بشیر کو”دفاع پاکستان و سلام شہداء سیمینار“ میں شرکت پر اعزازی سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا گیا۔
 

اشتہارات