Published: 04-10-2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں کو کنٹینرز رکھ کر بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔خیبر پختونخوا سے ڈی چوک آنے والے قافلوں کو روکنے کےلیے موٹروے ایم ون صوابی کے مقام پر بند کردیا گیا، مارگلہ ٹیکسلا کے مقام سے اسلام آباد آنے والی جی ٹی روڈ کو بھی کنٹینر رکھ کر دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا۔فیض آباد کے مقام پر بھی کنٹینر پہنچا دیے گئے، راستوں کی ممکنہ بندش کے پیش نظر اسلام آباد پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے آج اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔اسکول ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، جمعرات کو بھی طلباء و طالبات کنٹینرز کے باعث مشکلات کا شکار رہے ہیں۔ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کے تمام سہولت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس آفس بھی آج بند رہیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی صورت بھی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کل کوئی اسلام آباد آئے گا تو پھر ہم سے شکوہ نا کرے۔