اسرائیلی فوج کی لبنان کے شمالی علاقوں پر پہلی فضائی بمباری، 18 افراد جاں بحق

Published: 14-10-2024

Cinque Terre

اسرائیلی فوج نے لبنان کے شمالی علاقوں پر پہلی بار فضائی بمباری کردی، جس میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیارے نے کاز غرتا ڈسٹرکٹ میں ایطو ٹاؤن میں 4 منزلہ عمارت پر بمباری کی، حزب اللّٰہ کے المنار  ٹی وی چینل کے دفتر کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ شمالی اسرائیل کی راموت نوٹالی کےقریب فوجی مجمع کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان سے راکٹ حملے کے بعد وسطی اسرائیل میں بڑے پیمانے پر سائرن بج گئے، تل ابیب اور وسطی اسرائیل کے 180 سے زائد علاقوں میں لبنان سے راکٹ حملے کے نتیجے میں خطرے کے سائرن بجے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تفصیلات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وسطی غزہ کے دیر البلح میں الاقصیٰ اسپتال کے احاطے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری سے کم از کم 4 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔نصیرات میں ایک اسکول پر اسرائیلی ٹینکوں کے گولے برسنے سے 22 افراد شہید اور 80 زخمی ہوئے، وسطی غزہ  میں موجود یہ اسکول بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دے رہا تھا۔اس سے قبل گزشتہ رات حزب اللّٰہ کے شمالی اسرائیل کے بن یامینا میں ایک فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں 4 فوجی ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔خیال رہے کہ غزہ میں7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 42,289 فلسطینی شہید اور 98,684 زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کو  حماس کے میزائیل حملوں میں اسرائیل میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

اشتہارات