Published: 14-10-2024
بالی ووڈ اداکار کارتک آریان نے کہا ہے کہ وہ خود غرضی کے ساتھ بھی اپنی فلم کو بچانا چاہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اسی حوالے سے میں نے کام کیا، میں اپنی فلم اور اپنے لوگوں کےلیے خود غرض اور لالچی ہوں، لہٰذا میں ہر ممکنہ طور پر اپنی فلموں کو محفوظ بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔ایک بھارتی میڈیا ادارے سے انٹرویو کے دوران انھوں نے اپنی فلم شہزادہ کی تجارتی بنیاد پر ناکامی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں فلم کے پروڈیوسر کا اعزاز بھی دیا گیا جو نہ چاہتے ہوئے بھی انھوں نے قبول کیا کیونکہ میں فلم کو کامیاب بنانا چاہتا تھا۔واضح رہے کہ ممبئی کی ہندی فلم انڈسٹری کی نئی نسل میں کارتک بہت زیادہ پسند کیے جانے والے اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ 2011 کی فلم پیار کا پنچ نامہ سے اپنا کیریئر شروع کرنے والے 33 سالہ کارتک بچوں اور نوجوانوں میں خاصے مقبول ہیں۔ کارتک کی آئندہ ریلیز ہونے والی بڑی فلم بھول بھلیاں 3 ہے، جس کے ہدایتکار انیس بزمی ہیں، فلم میں انکے ساتھ تریپتی دمری، ودیا بالن، مادھوری ڈکشٹ اور دیگر شامل ہیں، یہ فلم یکم نومبر کو ریلیز ہوگی۔