Published: 17-10-2024
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے چھوٹے بھائی اور اداکار و پروڈیوسر ارباز خان نے کہا ہے کہ بابا صدیق کے قتل کے بعد ہم سلمان خان کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔اپنی آئندہ آنیوالی فلم بندہ سنگھ چوہدری کی پروموشن کےلیے منعقدہ تقریب کے موقع پر انٹرویو میں ارباز خان نے خاندان کی جانب سے سلمان خان کی حفاظت اور سیکیورٹی کے حوالے سے اپ ڈیٹ شیئر کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا خاندان اس حوالے سے حقیقتاً پریشان ہے۔انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے سابق وزیر، این پی سی کے رہنما اور ہمارے خاندانی دوست بابا صدیق کے قتل کے بعد ہمارے خاندان کو مشکل وقت کا سامنا ہے اور اب ہماری توجہ میرے بھائی سلمان خان کی حفاظت کو یقینی بنانے پر ہے۔ واضح رہے کہ دعویٰ کیا جارہا ہے بابا صدیق کے قاتلوں کا تعلق بشنوئی گینگ سے ہے، جن کا سرغنہ لارنس گجرات کے سبرامتی جیل میں قید ہے، جبکہ یہی وہ گینگ ہے جس نے اس سال اپریل میں سلمان خان کے باندرا میں واقع رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ کی تھی۔