Published: 19-10-2024
حماس کے سیاسی رہنما یحییٰ سنوار نے آخری وقت تک اسرائیلی فوج کا مقابلہ کیا، شہادت کے وقت وہ جس صوفے پر بیٹھے تھے اس کی تصویر بھی سامنے آگئی ہے۔اسرائیلی فورس نے غزہ کی ایک عمارت کے ملبے کے ڈھیر کے بیچوں بیچ سے ڈرون کی فوٹیج جاری کی تھی، جس سے متعلق دعویٰ کیا گیا تھا کہ بمباری کے سبب تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے کے ڈھیر کے درمیان ایک شخص اکیلا شدید زخمی حالت میں موجود ہے، جس کا بازو متاثر ہوا ہے۔اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ شخص حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار ہیں اور ویڈیو ان کی شہادت سے قبل آخری لمحات کی ہے، وہ دھول مٹی میں ایک صوفے پر بیٹھے ہوئے تھے، جبکہ ان کا سر اور چہرہ کپڑے سے ڈھکا ہوا تھا۔جوں ہی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے والا ڈرون ان کے قریب آتا ہے وہ ایک لکڑی کی چھڑی اس کی جانب پھینکتے ہیں، جس سے ڈرون پیچھے ہٹ جاتا ہے۔