Published: 19-10-2024
پاکستان کے نوجوان گالفر آدم سعید نے بحرین ایمچور اوپن گالف چیمپئن شپ جیت لی۔ انہوں نے 54 ہولز پر مشتمل چیمپئن شپ میں 13 انڈر کے اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ان کا مجموعی اسکور 203 اسٹروک (68-67-68) رہا، جس نے ناصرف انہیں ٹائٹل جیتنے میں مدد فراہم کی بلکہ ڈی پی ورلڈ ٹور میں جگہ بھی فراہم کی، ساتھ ساتھ انہیں کنگ حمد ٹرافی کا دعوت نامہ بھی مل گیا۔آدم سعید نے تینوں راؤنڈز میں شاندار کارکردگی دکھا کر قریب ترین حریف جے ملین پر سبقت رکھی جو 9 انڈر کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔آدم سعید نے حال ہی میں یونیورسٹی آف ٹمپا، امریکا سے اسپورٹس سائنسز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ پروفیشنل گالف کی دنیا میں قدم رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے حالیہ پروفیشنل کوالیفائنگ اسکول میں 2025 کے سیزن کےلیے پروفیشنل پلے کارڈ حاصل کیا۔ آدم کی پروفیشنل کیریئر کا آغاز 30 اکتوبر سے لاہور میں ہونے والی گیریژن اوپن گالف چیمپئن شپ سے ہوگا۔