Published: 19-10-2024
آرٹس کونسل آف پاکستان کے اشتراک سے منعقد 38 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2024“ کے 24ویں روز میگا میوزک کنسرٹ 4.0 نے فیسٹیول کو چار چاند لگا دیے۔ میوزیکل کنسرٹ میں جنوبی کوریا کے گروپس، حمزہ اکرم قوال، نتاشہ بیگ، وہاب بگٹی، سلطان بلوچ، نعمان الشیخ، جیمبروز بینڈ اور ردھمک ریویر نے اپنی پر فارمنس سے ماحول کو رنگین بنادیا۔میوزیکل کنسرٹ میں جنوبی کوریا کے گروپ Good Fellis کی منفرد پرفارمنس نے اہلیان کراچی کے دل جیت لیے۔ میوزیکل کانسرٹ میں قونصل جنرل Yi Sungho نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورین کنسرٹ ہونا میرے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ کورین بینڈ کو کراچی میں سننا ایک مشکل کام ہے، کراچی والے جنوبی کوریا کے میوزیکل بینڈ کو سننے کا تجربہ پہلی بار کر رہے۔ اس طریقے سے دونوں ممالک کے لوگ اس کنسرٹ سے لطف اندوز ہونگے۔انکا کہنا تھا کہ ہم نے اس کنسرٹ میں ایک نیا تجربہ کیا ہے۔ روایتوں کو توڑ کر مختلف انداز سے موسیقی کا فن پیش کریں گے۔ میں چاہتا ہوں کہ یہاں کے لوگ دنیا بھر کی موسیقی کو سمجھیں، پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس فیسٹیول میں پرفارم کرنے کا موقع فراہم کیا۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ جنوبی کوریا ایک پُرامن قوم ہے، میں جنوبی کوریا کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ جنوبی کوریا کے اس گروپ نے آج ہمارے ملک میں پر فارم کر کے نہ صرف اپنے بلکہ پاکستان کا نام بھی اونچا کیا۔میوزیکل کنسرٹ میں حمزہ اکرم قوال نے اپنی شاندار قوالی سے شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا جبکہ وہاب بگٹی اور نتاشہ بیگ نے اپنی مدھر آواز سے اہلیان کراچی کو محظوظ کیا۔دوسری جانب سے SOVAPA Academic Ensemble نے اپنی موسیقی کے ذریعے پاکستانی میوزک ڈائریکٹر کو خراج تحسین پیش کیا۔کنسرٹ میں موسیقی کے دلدادہ افراد سمیت اہلیان کراچی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری 38روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2 نومبر تک جاری رہے گا، جس کے ٹکٹ آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا ڈاٹ کام سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔آرٹس کونسل کے ممبران 50 فیصد رعایت پر آرٹس کونسل سے بآسانی ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔