Published: 22-10-2024
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر پر لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کے ڈرون حملے سے متعلق بڑا انکشاف سامنے آگیا۔اسرائیلی اخبار نے اعتراف کیا ہے کہ ہفتے کے روز حزب اللّٰہ نے وزیراعظم کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا تھا کہ ڈرون نیتن یاہو کے بیڈروم کی کھڑکی پر جا کر لگا تھا۔حزب اللّٰہ کے حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر کی تصویر بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے بیڈروم کی کھڑکی کے شیشے بھی متاثر نظر آرہے ہیں۔اسرائیلی میڈیا نے ایک سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قیصریہ میں حملہ کرنے والے ڈرون نے وزیراعظم کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا اور اس سے گھر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔حزب اللّٰہ میڈیا آفس کے سربراہ محمد عفیف نے کہا کہ ہفتے کے روز تین ڈرون اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے قیصریہ میں واقع گھر پر مارے گئے، گھر پر موجود نہ ہونے کے باعث نیتن یاہو حملے میں بچ گئے۔