ایرلنگ ہالینڈ کا نو لک گول، شائقین کے ساتھ ساتھ ساتھی کھلاڑی بھی حیران

Published: 25-10-2024

Cinque Terre

چیمپئنز لیگ میں مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ کا اسپارٹا پراگ کے خلاف نو لک گول فٹ بال کے حلقوں میں شائقین کے ساتھ ساتھ ساتھی کھلاڑیوں اور ماہرین کو بھی حیران کر گیا۔فٹ بال کی تاریخ بتاتی ہے کہ جب کوئی اسٹار کھلاڑی غیر معمولی طریقے سے گول کرتا ہے تو اگلے دن فٹ بال گراؤنڈ پر بچے، بڑے سب اُسی طرح کے گول کرنے کی مشق کرنے لگتے ہیں۔چیمپئنز لیگ میں اسپارٹا پراگ کے خلاف مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ کا کرشماتی انداز میں کیا ہوا گول بھی اسی طرح کا ہے۔میچ میں یہ مانچسٹر سٹی کا دوسرا اور ایرلنگ ہالینڈ کا پہلا گول تھا، اُنہیں اس گول کیلئے سیوانہوز نے پاس دیا تھا مگر اس پاس کی بلندی اور زاویہ ایسا نہ تھا کہ ہالینڈ نارمل انداز میں اس کو جال میں پہنچاتے۔گول کرنے کےلیے اُنہوں نے عجیب انداز اپنایا۔ گیند کی طرف دیکھے بغیر اور مڑ کر اپنے جوتے کی ہیل سے والی لگائی جو سیدھی جال میں پہنچ گئی۔اس میچ میں مانچسٹر سٹی نے حریف ٹیم کو 0-5 سے ہرایا مگر میچ کے بعد ایرلنگ ہالینڈ کے اسی غیر معمولی انداز میں کیے گئے گول کی باتیں ہو رہی ہیں۔اس گول پر شائقین کے ساتھ ساتھ ایرلنگ ہالینڈ کے ساتھی کھلاڑی بھی حیران رہ گئے۔

اشتہارات