Published: 29-10-2024
ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیجنڈ ایتھلیٹ اعزازی کیپٹن محمد یونس انتقال کرگئے۔ملک محمد یونس نے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل مقابلوں میں 27 گولڈ میڈلز جیتے، وہ 800 اور 1500 میٹر کی دوڑ کے ٹاپ ایتھلیٹ تھے، 1974 میں ایران میں ہونیوالے ایشین گیمز میں ملک یونس نے 1500 میٹر دوڑ کا گولڈ میڈل جیتا۔1970 اور 1978 کے ایشین گیمز میں ملک محمد یونس نے پاکستان کیلئے سلور میڈلز جیتے، 1973 میں ہونیوالی ایشین ٹریک اینڈ فیلڈ چیمپئن شپ میں یونس نے ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل جیتا۔70 کی دہائی میں محمد یونس کے بنائے ہوئے ان کے متعدد قومی ریکارڈز آج بھی برقرار ہیں، 1970 میں ان کا بنایا ہوا 1500 میٹر دوڑ کا ریکارڈ آج تک کوئی پاکستانی نہ توڑ سکا، 3000 اور 5000 میٹر دوڑ میں بھی ان کے ریکارڈز آج تک برقرار ہیں۔1979 میں ایک حادثے کے بعد ان کا ایتھلیٹکس کا کیرئیر اچانک اختتام پذیر ہوگیا تھا، 1991 میں محمد یونس کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔