Published: 01-11-2024
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، جنگ اور جیو کے اشتراک سے جاری 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 36ویں روز بچوں کےلیے تھیٹر پلے ”علی اور ڈریگن“ پیش کیا گیا۔تھیٹر پلے ”علی اور ڈریگن“ آڈیٹوریم ون میں پیش کیا گیا جس میں مختلف اسکولز کے طلباء اور طلبات نے شرکت کی اور خوب انجوائے کیا۔تھیٹر عظمیٰ سبین نے لکھا، موسیقی معروف میوزک کمپوزر ارشد محمود کی تھی جبکہ ڈرامہ کی کاسٹ میں حارث خان، ارم بشیر، احمر حسین، حماد خان، فراز چھوٹانی، زوبی فاطمہ، حسن عالم اور آصف شہزاد شامل تھے۔”علی اور ڈریگن“ کا دورانیہ ایک گھنٹہ تھا، تھیٹر پلے کی کہانی کا خلاصہ یہ ہے کہ ایک بولی بادشاہ کی حکمرانی میں لوگ ایک ڈریگن سے دوچار ہیں جو ان کے کھیتوں کو تباہ کرتا ہے اور انہیں بھوک کے دہانے پر چھوڑ دیتا ہے۔اپنی رعایا کو بچانے کےلیے بےچین بادشاہ ہر اس شخص کےلیے ایک بڑے انعام کا وعدہ کرتا ہے جو اس درندے کو شکست دے سکتا ہو۔ ایک بہادر نوجوان علی اور ہنر مند شاہی باورچی شاہین ایک ساتھ مل کر ڈریگن کا مقابلہ کرنے اور اسے شکست دینے کےلیے ایک جرات مندانہ جدوجہد کا آغاز کرتے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ وہ اپنی سرزمین پر امن اور خوشحالی بحال کر سکیں گے۔بچوں نے ڈرامہ بےحد پسند کیا اور خوب تالیاں بجا کر تمام فنکاروں کا شکریہ ادا کیا۔