ٹاپ ٹیم کیخلاف ڈیبیو بڑے اعزاز کی بات ہے، عرفان خان نیازی

Published: 03-11-2024

Cinque Terre

پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی عرفان خان نیازی نے اپنے ون ڈے ڈیبیو پر خوشی اور جوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے اور ایک ٹاپ ٹیم کے خلاف ڈیبیو کرنے کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔عرفان کا کہنا ہے کہ بڑی ٹیم کے خلاف ڈیبیو کا مطلب ہے کہ ٹیم آپ پر بھروسہ کر رہی ہے، جس سے مجھے خود اعتمادی ملی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کرکٹ کا آغاز اسکول سطح پر کیا اور ہمیشہ یہی عزم رکھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔نوجوان کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ انڈر 19 کرکٹ کے دنوں میں ان کے کوچ تنویر شوکت نے ایک دن انہیں ایک کاغذ دے کر اپنے خواب لکھنے کو کہا۔عرفان نے لکھا کہ وہ ریجنل انڈر 19، انڈر 19 ورلڈ کپ، پی ایس ایل، اور پھر پاکستان کی ٹیم میں کھیلنا چاہتے ہیں، آج، وہ اس خواب کو حقیقت میں بدلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ “کرکٹ کے لیے میں نے اپنا گھر چھوڑ کر فیصل آباد میں قیام کیا، چھ چھ ماہ گھر نہیں جا پاتا تھا لیکن میری فیملی نے ہمیشہ میرے خواب کی حمایت کی۔”عرفان کا کہنا ہے کہ بڑی ٹیموں کے خلاف کھیل کر ہی ایک کھلاڑی بڑا بنتا ہے، ان کی خواہش ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف میچ وننگ اننگز کھیلیں اور پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کریں۔

اشتہارات