Published: 07-11-2024
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے جا کر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی۔ وزیرِاعظم نے گزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کی مذمت اور زخمیوں کی عیادت کیلئے آیا ہوں۔وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفت میں لینے کے عمل کی خود نگرانی کر رہا ہوں، زخمی چینی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دے چکے۔ انھوں نے کہا قابلِ اطمینان ہے کہ واقعے میں زخمی چینی شہریوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے، چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے۔ چینی شہریوں پر حملہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے وزیرِاعظم کی سفارتخانے آمد پر شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے کہا امید ہے وزیرِاعظم واقعے کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔