ایشوریا سے طلاق کی افواہیں، سیمی گریوال کو ابھیشیک کا دفاع کرنا مہنگا پڑ گیا

Published: 07-11-2024

Cinque Terre

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور ٹاک شوز کی میزبان سیمی گریوال کو ایشوریا رائے سے طلاق کی افواہوں پر ابھیشیک بچن کا دفاع کرنا مہنگا پڑ گیا، انھیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ سیمی گریوال نے ابھیشیک کا دفاع کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی اور کہا تھا کہ وہ بالی ووڈ کے عمدہ ترین مردوں میں سے ایک ہیں۔ یاد رہے کہ ابھیشیک اور ایشوریا رائے اس وقت مہینوں سے ان افواہوں سے نبرد آزما ہیں جس میں کہا جارہا ہے کہ دونوں میں طلاق ہوگئی ہے۔ان افواہوں نے اس وقت اور زور پکڑ لیا جب ابھیشیک یا بچن خاندان نے اس ماہ کے اوائل میں ایشوریا کو انکی سالگرہ پر وش نہیں کیا، جبکہ ایشوریا بھی کچھ عرصے سے بچن خاندان کے ساتھ نظر نہیں آ رہی ہیں۔ان افواہوں کے درمیان 77 سالہ سیمی گریوال نے منگل کو اپنے انسٹاگرام پر ابھیشیک کو سپورٹ کرتے ہوئے اپنے ٹاک شو کا ایک اسنیپٹ شیئر کیا جس میں ابھیشیک بھی تھے اور کہا ہر ایک جانتا ہے کہ ابھیشیک بالی ووڈ کے عمدہ ترین مردوں میں سے ایک ہونے کے ساتھ اچھی خاندانی قدروں اور فطری شائستگی کے حامل ہیں۔تاہم انکی اس پوسٹ پر ایشوریا کے پرستاروں نے کڑی تنقید اور کمنٹس کیے۔ ایک صارف نے کہا ایسے متنازع وقت میں اس قسم کی غیر منصفانہ پوسٹ درست نہیں ہے، ایک اور نے ان پر الزام لگایا کہ وہ ابھیشیک کو بچا رہی ہیں، بہت زیادہ تنقید پر سیمی گریوال نے فوری طور پر پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔

اشتہارات