Published: 07-11-2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی و رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کے خلاف کے پی میں ہر صورت ایف آئی آر درج ہوگی۔ فیصل امین نے کہا کہ اگر باہر بیٹھے افراد کے خلاف ایف آئی آر ہو سکتی ہے تو کیا آئی جی اسلام آباد آسمان سے اترے ہیں۔ فیصل امین نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کیخلاف ایف آئی آر اندراج کےلیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دی ہے، کے پی حکومت سیکریٹری قانون، دیگر قانونی ماہرین کی رائے پر ایف آئی آر درج کروائے گی۔خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کابینہ نے کے پی ہاؤس اسلام آباد کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد کےخلاف ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ نے دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ کے اندراج کی منظوری دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد سمیت 600 اہلکاروں کےخلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا۔