Published: 10-11-2024
غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 44 فلسطینی اور 52 لبنانی شہید ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غزہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی بم باری سے کم از کم 19 فلسطینی شہید ہو گئے، جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 44 ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ مغربی کنارے میں بھی 2 فلسطینی شہید ہوئے۔وزارت صحت غزہ کے مطابق غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 43 ہزار 552 ہو گئی ہے جبکہ 1 لاکھ 2 ہزار 765 فلسطینی زخمی ہیں۔دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں۔لبنان ساحلی شہر طائر میں اسرائیلی حملے میں حاملہ خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔اسرائیلی فوج کے لبنان میں حملوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 52 شہری شہید ہوئے۔شام کے شہر حلب اور ادلب میں اسرائیلی حملے میں متعدد شامی فوجی زخمی ہو گئے۔