بانی کی کال پر ادارے کریک ڈاؤن کرسکتے ہیں، اس کے بعد یہ روئیں گے، رانا ثناء

Published: 12-11-2024

Cinque Terre

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جس قسم کی کال دے رہے ہیں اُس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کریک ڈاؤن کی کھلی چھوٹ ملے گی۔ پھر اُس کے بعد یہ روئیں گے۔ رانا ثناء نے کہا کہ لوگ افراتفری اور انتشار کے حق میں نہیں۔ ان کی کال پر کوئی نہیں نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ  علی امین گنڈاپور سر سے کفن باندھ کر آنا چاہتے ہیں تو پہلے استعفیٰ دیں۔ بانی پی ٹی آئی جب تک ہٹ دھرمی کی پالیسی ختم کرکے سیاسی جماعتوں کیساتھ نہیں بیٹھیں گے اُن کے لیے کوئی راستہ نہیں ہے۔رانا ثناء نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی جس طرح کی گفتگو کررہے ہی یہ اپنے کارکنوں کے ساتھ زیادتی ہے، کفن باندھنے جنازہ پڑھنے کی باتیں کیوں؟ کہہ دیتے کہ مطالبات کیلئے پرامن احتجاج کریں گے، طاقت کے استعمال پر اجارہ داری ریاست کی ہے کسی گروہ یا جماعت کی نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ کفن باندھنے اور جنازے پڑھنے کی بات کے بعد کیا کوئی پھول لے کر کھڑا ہو؟ ہم نے اپنے احتجاج میں کبھی دھرنے دینے یا تشدد کی بات نہیں کی۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ہمیں ختم کروانا چاہتے تھے، بانی پی ٹی آئی کا باجوہ سے جھگڑا اس بات پر تھا کہ اپوزیشن کو ختم کریں، باجوہ نے ساتھ نہیں دیا تو کہنا شروع کردیا کہ یہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، کسی کو نہیں چھوڑوں گا کہ پالیسی سے ہٹنے تک ان کے پاس کوئی راستہ نہیں، اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ خود بھی مشکل میں ہیں اور ملک بھی مشکل کا شکار ہے۔رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کی حکمت عملی سڑکوں کی ہے تو ناکامی کا ہی سامنا ہوگا، پی ٹی آئی کی حکمت عملی سیاسی جماعت والی ہے ہی نہیں۔

اشتہارات