Published: 12-11-2024
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فلسطین، لبنان اور ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے۔ریاض میں عرب اسلامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ اسرائیل کی مسجد اقصیٰ کے تقدس کی پامالی کی مذمت اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں نے لبنان کی خود مختاری کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے سلامتی کونسل سے اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کیخلاف یہودی آباد کاروں کی جاری دہشت گردی روکنے میں مدد کرے۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل غزہ پٹی کے بعد مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے وجود کا خاتمہ چاہتا ہے، انروا پر پابندی کا مقصد دو ریاستی حل سبوتاژ کرنا ہے۔لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی نے لبنان پر اسرائیلی حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے تباہی کا تخمینہ 5 ارب ڈالر سے بڑھ چکا ہے۔شام کے صدر بشار الاسد نے کہا کہ خطے میں قتل عام اور نسل کشی کی روک تھام وقت کا تقاضا ہے۔ مصر کے صدر نے کہا کہ جنگ کے بجائے دو ریاستی حل پر عملدرآمد کیا جائے۔عرب اسلامی سربراہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت 50 سے زائد سربراہان مملکت اور خصوصی نمائندے شریک ہوئے، مشترکہ عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر غور کیا گیا۔