پاکستان اور بھارت کا بیس بال سیریز ممکن بنانے پر اتفاق

Published: 12-11-2024

Cinque Terre

پاکستان اور بھارت کے درمیان بیس بال سیریز ممکن بنانے پر اتفاق ہوگیا۔عرب بیس بال کلاسک ٹورنامنٹ کے دبئی میں اختتام کے بعد پاکستان اور بھارت کی بیس بال فیڈریشنز کے درمیان سووینئرز کا تبادلہ ہوا۔اس دوران دونوں ممالک کی فیڈریشنز کے درمیان باہمی مینز اور ویمنز سیریز کرانے پر بات کی گئی۔بھارتی بیس بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل ہریش کمار نے پاکستان کو ہریانہ میں کھیلنے کی دعوت دی، جس کے بعد دونوں فیڈریشنز نے باہمی سیریز کو ممکن بنانے پر اتفاق کیا۔دوران گفتگو ہریش کمار نے ویزے سمیت تمام معاملات پر حکومت سے بات چیت کرانےکی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں، لاہور میں ایونٹ کے انعقاد سے آنے میں آسانی ہوگی۔بھارتی بیس بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ ہریانہ میں پاکستان کی میزبانی کرنے کےلیے بےتاب ہیں۔پاکستانی کھلاڑیوں نے وطن واپسی سے قبل ایئرپورٹ پر بھارتی شہریوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔پاکستانی پلیئرز نے بھارتی جونیئر بیس بال ٹیم کے کھلاڑی کو قومی ٹیم کی شرٹ تحفے میں دی۔

اشتہارات