کپتان محمد رضوان نے تیسرا ٹی20 کیوں نہیں کھیلا؟ وجہ سامنے آگئی

Published: 18-11-2024

Cinque Terre

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ٹی 20 میچ کیوں نہیں کھیلا؟ وجہ سامنے آگئی۔ہوبارٹ میں میڈیا سے گفتگو میں محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ سے خود باہر رکھنے کے سوال کا جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ بطور کپتان اور لیڈر پہلے آپ قربانی شروع کرتے ہیں، میں نے مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے بھی اس متعلق بات کی۔قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے لیے ہر میچ اہم ہوتا ہے، ہم فیوچر اسٹارز کو آزما رہے ہیں تو سوچا میں ہی ہوں جہاں سے آغاز کروں۔ان کا کہنا تھا کہ حسیب اللّٰہ کو پہلے میچ میں زیادہ موقع نہیں ملا، مستقبل کی پلاننگ دیکھتے ہوئے حسیب اللّٰہ کو موقع دینے کا فیصلہ کیا۔محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ سڈنی کے ٹی20 میچ میں ہم اگر کیچز پکڑ لیتے تو شاید آج چیزیں اور ماحول مختلف ہوتا۔انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو پہلے ہی بتا دیا تھا، آسٹریلیا اور زمبابوے میں ون ڈے اور ٹی 20 کون کھیلے گا۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ امید ہے جنوبی افریقہ کے خلاف پوری اسٹرینتھ کے ساتھ کھیلیں گے۔یاد رہے کہ آج تیسرے میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا اور سیریز میں کلین سوئپ فتح اپنے نام کی۔تیسرے ٹی20 میچ میں سلمان علی آغا نے کپتانی کی جبکہ حسیب اللّٰہ نے بطور وکٹ کیپر ذمے داری ادا کی۔

اشتہارات