Published: 25-11-2024
حکومت اور اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرت کا پہلا نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔ذرائع کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ رہا، جس میں اپوزیشن جماعت کی قیادت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی کے مطالبے پر قائم رہی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی قیادت کو احتجاجی دھرنے کےلیے پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑ کی پیشکش کی، جسے پی ٹی آئی نے مسترد کردیا۔مذاکرات میں حکومت کی نمائندگی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کی جبکہ پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سیف موجود تھے۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی اپوزیشن جماعت سے مذاکرات سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کریں گے جبکہ فریقین کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور کا بھی امکان ہے۔