Published: 28-11-2024
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ زرینہ وہاب اور انکے شوہر اداکار ادیتیا پنچولی فلم کلنک کا ٹیکہ کے سیٹ پر ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوئے اور 1986 میں دونوں کی شادی ہوئی۔ انکے دو بچے (ایک بیٹا سورج اور بیٹی ثنا) ہیں۔ تاہم زرینہ کے شوہر ادیتیا پنچولی کی اہلیہ کے ساتھ بیوفائی کی باتیں میڈیا پر زیر گردش رہی ہیں۔1993 میں ادیتیا کے اداکار کبیر بیدی کی بیٹی پوجا بیدی کے ساتھ کھلے عام تعلقات رہے بعدازاں پوجا نے ادیتیا کے خلاف تشدد کا کیس فائل کیا، اسی طرح 2004 میں ادیتیا کے کنگنا رناوت کے ساتھ رومانوی ملاقاتوں کی افواہیں بھی زیر گردش رہی ہیں۔بعدازاں کنگنا نے بھی ان پر جسمانی تشدد کا الزام عائد کیا۔ اس تمام صورتحال کے باوجود آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی 65 سالہ زرینہ اپنے شوہر 59 سالہ ادیتیا پنچولی کا دفاع کرتی رہیں۔ بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں زرینہ وہاب کا کہنا تھا کہ مذکورہ بالا صورتحال کے حوالے سے وہ ہر وقت تیار رہتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے افیئرز سے ہمیشہ آگاہ رہی ہیں لیکن میں نے کبھی ان سے اس بارے میں سوال نہیں کیا۔ مجھے صرف اس بات کی پرواہ تھی کہ جب وہ گھر پر ہوتے ہیں تو انکا میرے ساتھ رویہ کیسا ہوتا ہے۔ زرینہ وہاب نے مزید کہا کہ میں ان چیزوں کو اس لیے نظر انداز کرتی ہوں کیونکہ اس طرح وہ اور زیادہ بے باک ہوجائیں گے، میں نے انکے افیئرز کے بارے میں خود کو مکمل طور پر تیار رکھا۔ جب ان سے شوہر پر انکی گرل فرینڈز (پوجا بیدی اور کنگنا) کے تشدد کے الزامات کے بارے میں پوچھا گیا تو زرینہ نے کہا کہ وہ کبھی بھی مارپیٹ یا بدسلوکی کرنے والے شوہر نہیں رہے۔انکا کہنا تھا کہ وہ بہت اچھے ہیں، بلکہ میں نے ایک بار ان کے ساتھ مار پیٹ کی تھی، انکی گرل فرینڈز کی جانب سے الزام لگانے کی وجہ یہ ہے کہ وہ ان سے جو چیز چاہتی تھیں وہ انھیں نہیں ملا۔