Published: 03-12-2024
اسرائیل کے سابق نیوی افسر اور ان کے بیٹے سمیت 4 افراد پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر پر حملے کے الزام میں دہشت گردی کا مقدمہ کردیا گیا ہے۔نیتن یاہو کے کیسریا میں واقع گھر پر پچھلے ماہ آتش گیر مواد پھینکنے کے الزامات پر ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) اوفر ڈورون، ان کے بیٹے گال ڈورون، اور دو دیگر افراد پر دہشت گردی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 16 نومبر 2024 کو اس وقت پیش آیا جب احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں میں شامل ان ملزمان نے کیسریا میں نیتن یاہو کے گھر پر دو فلیئرز فائر کیے۔ جن میں سے ایک گھر کے باہر جھاڑیوں پر جبکہ دوسرا گھر کے داخلی راستے کے قریب پہنچا۔اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا جبکہ نیتن یاہو کے اہلخانہ بھی اس وقت گھر میں موجود نہیں تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے خود کو متاثرہ قرار دینے کی درخواست دی ہے۔