Published: 03-12-2024
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ میں پاکستان نے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 69 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں شاہزیب خان نے ایونٹ میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 132 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ریاض اللّٰہ نے 106 رنز اسکور کیے۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹ پر 314 رنز اسکور کیے، ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 245 رنز ہی بناسکی، یوں اسے 69 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 94 کے اسکور پر 41 رنز بنانے والے عثمان خان کی گری۔دوسری وکٹ پر شاہزیب اور محمد ریاض اللّٰہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں نے دوسری وکٹ پر 183 رنز کی شراکت قائم کی۔شاہزیب خان 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 132رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جبکہ ریاض اللّٰہ نے 106 رنز اسکور کیے۔جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 8 وکٹ پر 245 رنز بناسکی، ایتھن ڈی سوزا نے 84 اور محمد ریان نے 50 رنز بنائے۔عبدالسبحان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 57 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔اس جیت کے بعد اس گروپ سے پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔