فلمساز سنجے گپتا کی وکرانت میسے کی ریٹائرمنٹ کا دفاع

Published: 03-12-2024

Cinque Terre

بھارتی فلمساز، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر سنجے گپتا نے اداکار وکرانت میسے کی جانب سے اداکاری سے بریک لینے کے فیصلے کا دفاع کیا جبکہ فلمساز و مصنف اپرووا آسرانی نے حیرت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ پیر کو 37 سالہ اداکار وکرانت میسے نے انسٹاگرام پر اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے فلم انڈسٹری کو حیران کردیا تھا۔ جس میں انکا کہنا تھا کہ وہ 2025 کے بعد اداکاری کو ترک کرکے اپنے خاندان پر توجہ دیں گے۔انکے اس اعلان پر انکے ہم عصروں کی جانب سے ملاجلا ردعمل سامنے آیا، کچھ نے ان کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تو دیگر یہ جاننے کے متمنی تھے کہ اس فیصلے کی وجہ کیا ہے۔ اسکرین رائٹر اپرووا آسرانی نے قیاس کیا کہ وکرانت میسے نے اپنے ذاتی خیالات کی وجہ سے منسوخ کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ کیا وکرانت نے انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ رضاکارانہ طور پر کیا یا پھر یہ کسی صورتحال کا نتیجہ ہے۔انہوں نے وکرانت کی فلم سبرامتی رپورٹ کا بھی تذکرہ کیا، یاد رہے کہ مذکورہ فلم ریاست گجرات میں 2002 کے گودھرا ٹرین واقعے پر مبنی تھی۔ دوسری جانب فلمساز سنجے گپتا نے وکرانت کے جرات مندانہ قدم کو سراہا ہے۔سوشل میڈیاپر اپنے بیان میں سنجے گپتا نے ہنسل مہتا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2008 میں ہنسل مہتا نے بھی انڈسٹری اور ممبئی کو خیرباد کہہ دیا تھا، پھر انہوں نے خود کو دوبارہ ترتیب دیا، تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھایا اور 2012 میں فلم شاہد سے واپس آئے جو انکے کیریئر کی بہترین فلم بھی ثابت ہوئی اور پھر اسکے بعد انہوں نے دوبارہ پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ انہوں نے مزید کہا، ’کیا آپ کو احساس ہے کہ ایسا کرنے میں کتنی ہمت کی ضرورت ہے؟ ایک طرح سے وکرانت میسے بھی ایسا ہی کر رہے ہیں۔ مسابقت، عدم تحفظ، حسد، دشمنی کے اس دور میں ایک اداکار کےلیے وقفہ لینے اور ایک باپ، ایک شوہر اور ایک بیٹے کے طور پر اپنے فرائض پر توجہ دینے کےلیے ہمت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کی تعریف کی جائے نہ کہ تنقید کی جائے۔‘

اشتہارات