Published: 06-12-2024
زمبابوے نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم سیریز 1-2 سے جیتنے میں کامیاب رہی۔ بلاوائیو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ مشکل وکٹ اور زمبابوے کی عمدہ بولنگ کے سامنے قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بناسکی۔سلمان آغا 32، طیب طاہر 21، قاسم اکرم 20 رنز اور عباس آفریدی 15 رنز بناکر نمایاں رہے۔عثمان خان نے 5 اور صاحبزادہ فرحان نے 4 رنز بنائے۔ عمیر یوسف صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ عرفات منہاس 22 اور جہانداد خان 6 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔زمبابوے نے 134 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ آخری لمحات میں میچ قومی ٹیم کے ہاتھوں سے نکل گیا۔ ٹیل اینڈرز نے آخری اوور میں 12 رنز بناڈالے۔زمبابوے کی جانب سے برین بینیٹ نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ سکندر رضا 19 رنز، تادیوناشے مرومانی نے 15 اور ڈائن مائرز نے 13 رنز بنائے۔ آخری لمحات میں ٹینوٹینڈا ماپوسا نے 12 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلوادی۔ قومی ٹیم کی جانب سے عباس آفریدی نے 3، جہانداد خان نے 2، سلمان علی آغا اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ لی۔آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کپتان سلمان آغا، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، طیب طاہر، قاسم اکرم، عارف منہاس، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد حسنین اور سفیان مقیم شامل تھے۔واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کا پہلا اور دوسرا میچ با آسانی جیتا تھا جبکہ ون ڈے سیریز قومی ٹیم نے 1-2 سے جیتی تھی۔