ریسکیو 1122 جھنگ میں چیف منسٹر(پنجاب)انٹرن شپ پروگرام کے تحت رضاکاروں کی شمولیت

Published: 12-12-2024

Cinque Terre

جھنگ (چوہدری بلال خان بیوروچیف)ریسکیو 1122 جھنگ میں چیف منسٹر(پنجاب)انٹرن شپ پروگرام کے تحت رضاکاروں کی شمولیت سیکریٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر اور ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق کی زیر نگرانی چیف منسٹر (پنجاب)انٹرن شپ پروگرام کے تحت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 30 رضاکاروں نے پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) جھنگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ یہ پروگرام چھے ماہ کے دورانیے پر مشتمل ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ایمرجنسی سروسز میں عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر ریسکیو 1122 جھنگ کے مرکزی اسٹیشن پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایمرجنسی آفیسر طاہر عباس نے شرکت کی اور تمام رضاکاروں سے ان کے فرائض کی انجام دہی کے حوالے سے حلف لیا۔ طاہر عباس  نے اپنے خطاب میں رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا بلکہ عوام کی خدمت کے جذبے کو بھی پروان چڑھائے گا۔تقریب کے دوران رضاکاروں کو ادارے کے بنیادی اصولوں، ایمرجنسی رسپانس کے طریقہ کار، اور فیلڈ ورک کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاء نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پوری توانائیاں عوام کی خدمت اور ہنگامی حالات میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے وقف کریں گے۔ایمرجنسی آفیسر  نے مزید کہا کہ یہ پروگرام حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے، جو نوجوانوں کو عملی زندگی کے لیے تیار کرنے اور معاشرتی ترقی میں ان کے کردار کو بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔پنجاب ایمرجنسی سروس  ان رضاکاروں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ یہ پروگرام نہ صرف رضاکاروں کے لیے بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے گا۔
 

اشتہارات