Published: 12-12-2024
جھنگ (چوہدری بلال خان بیوروچیف) بلڈ برادرز رجسٹرڈ بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن جھنگ کے ایکزیکٹیو ممبران کی جانب سے جگر ایگزیکٹو مارکی کے اونر ذولقرنین حیدر جگر کو انجمن تاجران جھنگ اتحاد گروپ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ ایگزیکٹو ممبران میں سلطان لطیف‘ سید شہباز‘ میڈم افشاں حیات‘ ڈاکٹر فیصل اسحاق‘ محمد ریاض شاہد خان‘سید ندیم شاہ اور حاشر ندیم شامل تھے۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران اتحاد گروپ جھنگ ذوالقرنین حیدر جگر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے وہ اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے جبکہ جھنگ کے کسی بھی تاجر کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔ ذوالقرنین حیدر جگر نے جھنگ میں بلڈ ڈونیشن کے حوالے سے بلڈ برادرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ سید ندیم شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلڈ برادرز رجسٹرڈ بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن جھنگ عرصہ تینتیس سالوں سے ضلع جھنگ کے مستحق اور نادار مریضوں خاص طور پر تھیلیسیمیا اور بلڈ کینسر کے مریضوں کے لیے عطیہ خون فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ جھنگ میں ہونے والے ہر ایمرجنسی یا حادثات میں بلڈ برادرز نے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ عطیہ خون فراہم کیا۔ دو ہزار پانچ کے ہولناک زلزلے میں بلڈ برادرز نے تین سو بوتل خون مانسہرہ اور بالا کوٹ میں زخمیوں کے لیے فراہم کیا جبکہ گاہے بگاہے بلڈ ڈونیشن اور تھیلیسیمیا کی آگاہی کیلئے کیمپس بھی لگائے جاتے ہیں۔ صدر انجمن تاجران اتحاد گروپ ذوالقرنین حیدر جگر نے بلڈ برادرز کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔