Published: 14-12-2024
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اگلی دفعہ ہم پُرامن والی بات نہیں کریں گے۔ جب ہم اسلحہ لے کر نکلیں گے تو دکھائیں گے کہ کس میں کتنا دم ہے۔حویلیاں میں پانی سپلائی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ آج ہم فسطائیت اور فرعونیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ فسطائیت نے پاکستان کے آئین، قانون، اخلاقیات اور انسانیت کو روندا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقتی طاقت اور اختیار سے نظریے، حقیقی آزادی اور جنون کو دبانے والے فرعون کا انجام پڑھ لیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف، عطا تارڑ اور دیگر لوگ نہتے لوگوں پر گولیاں برسانے کا دفاع کر رہے ہیں۔ کبھی کہتے ہیں کوئی شہید نہیں ہوا، کوئی گولی نہیں چلی اور کبھی کہتے ہیں کہ کوئی زخمی نہیں ہوا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگلی دفعہ ہم پُرامن والی بات نہیں کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی خدا کا واسطہ ہے یہ پُرامن کا راگ چھوڑ دیں۔ ہم نکلیں گے اور پُرامن کے نعرے کے بغیر نکلیں گے۔انکا کہنا تھا کہ پھر جب ہم اسلحہ لے کر نکلیں گے تو دکھائیں گے کہ بھاگتا کون ہے۔ دکھائیں گے کہ کس میں کتنا دم ہے، کس میں کتنی جوان مردی ہے۔ ریاست کو ماں کا درجہ دیا گیا، ریاست قاتل بن کر اپنے لوگوں کو بغاوت پر مجبور کر رہی ہے۔