دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ، صرف ایک فلم سے 7 کروڑ ڈالر کمائے

Published: 20-12-2024

Cinque Terre

سنیما میں معاوضوں کی برابری کا مسئلہ کئی برسوں سے عالمی سطح پر زیرِ بحث رہا ہے۔بہت سے اداکار اور فلم ساز اس بات پر تنقید کرتے آئے ہیں کہ مرد اداکار خواتین ساتھیوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ معاوضہ لیتے ہیں حالانکہ دونوں کئی مواقع پر مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔تاہم ایک اداکارہ نے چند سال قبل اس روایت کو توڑتے ہوئے اپنے مرد ساتھی اداکار کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ کمائی کی۔اس کے ساتھ ہی وہ دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بھی بن گئیں جنہوں نے صرف ایک فلم کےلیے 7 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم کمائی۔یہ اعزاز ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سینڈرا بُلک کے نام ہے جنہوں نے 2013 کی بلاک بسٹر فلم ’گریویٹی‘ میں کام کرنے کے بعد دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہونے کا ریکارڈ بنایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سینڈرا بُلک نے اس سائنس فکشن تھرلر کےلیے 2 کروڑ ڈالر کا پیشگی معاوضہ وصول کیا۔ اس کے علاوہ فلم کے منافع میں سے 15 فیصد حصہ لینے کا معاہدہ کیا جس کے تحت انہیں 5 کروڑ ڈالر کا اضافی منافع ملا۔یوں صرف اس ایک فلم کےلیے سینڈرا نے مجموعی طور پر 7 کروڑ ڈالر کمائے۔فلم نے عالمی سطح پر 73 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی کمائی کی جبکہ فلم میں سینڈرا کے ساتھی اداکار جارج کلونی نے صرف 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کمائے، جو سینڈرا کی کمائی کا آدھا تھا۔

اشتہارات