Published: 14-11-2022
بالی: سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے تصدیق کی ہے کہ چین کے صدر شی جنپنگ دسمبر کے وسط میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے دسمبر کے وسط میں چینی صدر کی سعودیہ آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چین سعودی عرب کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔سعودی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کثیر الاشتراکی سرمایہ کاری ہے۔ دورے میں تجارتی تعلقات میں مزید مضبوطی اور علاقائی سلامتی اولین ترجیح ہوگی۔خیال رہے کہ چین کے دسمبر میں متوقع دورۂ سعودی عرب کا اعلان اُس وقت سامنے آیا جب سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تیل کی سپلائی پر تنازع اور تناؤ ہے۔ خلیج عرب ممالک کے بعض معاملات پر بھی امریکا اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی ہے۔تاہم رائٹرز سے بات کرتے ہوئے سعودی وزیر عادل الجبیر نے کہا کہ یہ دورہ غیر معمولی نہیں۔ ہمارا بہت کچھ داؤ پر لگا ہے۔ تاہم ایسے دورے ہمارے دوسرے تجارتی شراکت دار بھی کرتے ہیں جس میں امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی شامل ہیں۔واضح رہے کہ چینی صدر کے دورۂ سعودی عرب کے بارے میں خبریں زیر گردش تھیں تاہم چینی حکام نے لاعلمیت کا اظہار کیا تھا اور تاحال چین کی جانب سے دورے کے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔