سی آئی ڈی ڈرامے سے سیکھ کر سفاک باپ نے بیٹی کو قتل کردیا

Published: 15-11-2022

Cinque Terre

ناگپور: بھارت میں سفاک باپ نے اپنی بیٹی کو قتل کرکے خودکشی کا رنگ دیدیا اور قتل کی یہ بے رحمانہ واردات معروف ڈرامے سی آئی ڈی سے سیکھ کر انجام دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سفاک باپ نے قتل سے پہلے پوری کہانی بنائی جیسا اُس نے معروف ڈرامے سی آئی ڈی میں دیکھا تھا اور مقتولہ کو بھی اس کہانی میں شامل کیا۔یہ دل دہلادینے والی واردات ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ہوئی جہاں 42 سالہ باپ نے بیوی کو سبق سکھانے کے لیے اپنی 16 سالہ بیٹی کو قتل کردیا اور پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے اسے خودکشی کا رنگ دیا۔چھوٹے لال راجک اپنی دوسری بیوی کوشلیا کے ساتھ رہتا تھا۔ پہلی بیوی نے 2016 میں خودکشی کرلی تھی اور حال ہی میں اس نے دوسری شادی کی تھی۔ ساتھ میں پہلی بیوی سے تین بچے بھی رہتے تھے۔ایک ماہ قبل اس کی دوسری بیوی ناراض ہوکر اپنے ماں باپ کے گھر چلی گی جس پر اس نے اپنی بیوی کو سبق سکھانے کی ٹھانی اور سی آئی ڈی ڈرامے کے اسکرپٹ پر عمل کرتے ہوئے بچوں کو کہا کہ اس پلان سے تمھاری ماں واپس آجائے گی۔بے رحم باپ نے ڈرامے کی طرز پر اپنی بیٹی ماہی کو کہا کہ تمھیں خودکشی کا ڈرامہ کرنا ہے۔ خودکشی کا سن کر ماں ڈر کر واپس آجائے گی۔عیار باپ نے بیٹی سے پانچ خط بھی لکھوائے جس میں دادا، خالہ، سوتیل ماں، خالہ اور اس کے بھائی بہن پر بھی زبردستی شادی کا الزام لگایا۔ ایک خط میں اس نے سوتیلے ماموں پر جنسی ہراسانی کا الزام بھی لگایا۔خط لکھوانے کے بعد مکار باپ نے بچی کو رات تین بجے جگایا اور کہا کہ کرسی پر کھڑے ہو کر پھندا گلے میں ڈالو اور ایک تصویر کھینچوالو۔ جیسے ہی تصویر کھینچی باپ نے کرسی پر لات ماری اور بیٹی لٹک گئی۔معصوم بیٹی مدد کے لیے باپ کو پکارتی رہی لیکن اس کا دل نہ پگھلا۔ بیٹی نے تڑپ ٹرپ کر جان دیدی۔ باپ تو بس خوش تھا کہ اب سارا الزام اس کی دوسری بیوی پر آجائے گا۔تاہم پولیس کو باپ پر شک ہوگیا اور اس کے موبائل پر بیٹی کی تصویر بھی مل گئی جس میں وہ ہنستے ہوئے پھندا لگارہی ہے۔ پولیس نے پوچھا کہ اگر خودکشی کرتی تو پہلے تصویر کیوں بنوائی۔اس طرح پولیس حقیقیت تک پہنچ گئی۔ قاتل باپ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے یہ ساری سازش سی آئی ڈی ڈرامہ دیکھ کر تیار کی تھی۔

اشتہارات