طالبان نے پارکوں کے بعد خواتین کے جم جانے پر بھی پابندی لگا دی

Published: 15-11-2022

Cinque Terre

کابل: افغانستان میں طالبان نے خواتین پر اُن جم میں جانے پر بھی پابندی لگادی جہاں کا عملہ مکمل طور پر خواتین پر ہی مشتمل تھا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں طالبان کے محکمے ’’نیکی کے فروغ اور بدی کی روک تھام‘‘ کی پولیس نے ابھی چند روز قبل ہی خواتین کے پارکوں اور تفریحی مقامات میں جانے پر بھی پابندی عائد کی تھی۔طالبان نے پابندیوں کو مزید سخت کرتے ہوئے اب خواتین کے ورزش کے لیے جم جانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے جب کہ حمام خانوں میں خواتین کے جانے پر پہلے ہی پابندی عائد تھی۔امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی وزارت کے ترجمان محمد عاکف صادق مہاجر نے اے ایف پی کو بتایا کہ جم جانے کی پابندی وہاں مرد ٹرینر یا پھر مخلوط عملے کی وجہ سے لگائی ہے۔تاہم ایک خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں وہ روتے ہوئے بتارہی ہیں کہ طالبان نے اُن جمز میں بھی جانے پر پابندی عائد کردی جہاں ٹرینر اور دیگر عملہ خواتین پر ہی مشتمل تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان میں تاحال خواتین کی ملازمتوں، لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول جانے، محرم کے بغیر سفر کرنے اور خواتین کے عوامی مقامات پر جانے پر پابندی ہے۔

اشتہارات