Published: 16-11-2022
جنیوا: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ آج دنیا کی آبادی 8 ارب سے تجاوز کرگئی اور یہ اسی شرح سے بڑھتی رہی تو 15 سال بعد دنیا کی آبادی 9 ارب ہوجائے گی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آج دنیا میں ایک اور تاریخ رقم ہوگئی ہے کیوں کہ آج 15 نومبر 2022 کو دنیا کی آبادی 8 ارب سے تجاوز کرگئی۔اقوام متحدہ نے 8 ارب ویں انسان کے دنیا میں آنے کے وقت کو جانچنے کے لیے اپنی ویب سائٹ پر کاؤنٹ ڈاؤن بھی لگایا گیا تھا اور آج کے دن کو اسی مناسبت سے ’’ڈے آف 8 بلین‘‘ یعنی 8 ارب کا دن قرار دیا تھا۔اقوام متحدہ نے 8 ارب واں انسان کے دنیا میں آنے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن تو لگا دیا لیکن اب تک یہ تعین نہیں ہوسکا کہ یہ اعزاز کس حصے میں آیا ہے۔ اس لیے کئی متضاد دعوے سامنے آئے ہیں۔ان دعوؤں میں میں حقیقت کے سب سے قریب فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے ایک اسپتال میں پیدا ہونے والی بچی کی پیدائش ہے جو رات ایک بج کر 29 منٹ پر ہوئی۔تاہم گھر میں پیدائش یا دور دراز علاقوں کے کسی زچہ خانے میں پیدا ہونے والے بچے اس دوڑ میں شامل نہ ہوسکے اس لیے درست طور پر دنیا کے 8 ارب ویں انسان کی شناخت تقریباً ناممکن بات لگتی ہے۔یاد رہے کہ دنیا کے 7 ارب ویں بچے کی پیدائش 2011 میں بنگلادیش میں ہوئی تھی یہ ایک لڑکی تھی جس کا نام سعدیہ سلطانہ رکھا گیا تھا اور اس کے جنم پر میڈیا بھی اسپتال کے باہر موجود تھا۔عالمی ادارے نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر اسی طرح آبادی بڑھتی رہی تو آئندہ برس بھارت آبادی کے لحاظ سے چین کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ پاکستان میں بھی شرح پیدائش زیادہ ہے اور آبادی میں تیزی سے اضافے کے ممالک میں شامل ہے۔دنیا کی آبادی کس برق رفتار سے بڑھ رہی ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سنہ 1800 کے آغاز میں آبادی ایک ارب تھی اور 1928 میں 2 ارب ہوئی اور صرف 47 سال بعد ہی دگنی یعنی 4 ارب ہوگئی تھی۔آبادی میں اس ہوشربا اضافے کی ایک وجہ صحت کے نظام کا بہتر ہونا بھی ہے جس کی وجہ سے انسانی اوسط عمر میں اضافہ ہوا۔