عمان کے ساحل پر اسرائیلی آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ

Published: 17-11-2022

Cinque Terre

مسقط: عمان کے ساحل پر اسرائیلی ارب پتی تاجر کے آئل ٹینکر پر مسلح ڈرون سے حملہ کیا گیا جس سے جہاز میں آگ لگنے سے کچھ حصے کو نقصان پہنچا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان کے ساحل پر ایک تیل بردار بحری جہاز پیسیفک زرکون پر ڈرون حملہ کیا گیا جس پر لائبیریا کا جھنڈا لہرا رہا تھا اور یہ اسرائیلی ارب پتی تاجر ایڈان اوفر کی ایسٹرن پیسیفک شپنگ کمپنی کی ملکیت ہے۔حملے کے نتیجے میں آئل ٹینکر کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت کردی گئی اور بحری جہاز کے ڈوبنے کا خطرہ نہیں۔ یہ بحری جہاز آئل لیکر عمان کی بندرگاہ سے نکلا تھا اور بحیرہ عرب پر سفر کر رہا تھا۔تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملے میں ایران ملوث ہوسکتا ہے تاہم اس کی تفصیلات اور شواہد فی الحال دستیاب نہیں۔عمان، اسرائیل، لائبیریا اور ایران کی جانب سے واقعے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا تاہم بحیرہ عرب میں جہاز رانی کی نگرانی کرنے والے برطانوی فوج کی تنظیم ’’یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز‘‘ نے اے پی کو آئل ٹینکر پر ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جا رہی ہیں۔آئل ٹینکر کی مالک کمپنی ایسٹرن پیسیفک شپنگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز ’’گیس آئل‘‘ لے کر جا رہا تھا۔ آئل ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا ہے اور عملہ محفوظ ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس نے ابوظہبی میں اسرائیلی سفارت خانے کو کال کیں لیکن جواب نہیں دیا گیا جب کہ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور وزارت دفاع نے بھی واقعے پر تبصرہ سے انکار کر دیا۔

اشتہارات