Published: 19-11-2022
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں پیدا ہونے والے اسرائیلی بچے کو حکومت نے پاسپورٹ جاری کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پہلا اسرائیلی پاسپورٹ جاری کردیا۔ یہ پاسپورٹ ایک اسرائیلی شیر خوار بچے کو جاری کیا گیا جس کی پیدائش متحدہ عرب امارات میں ہی ہوئی تھی۔متحدہ عرب امارات میں تعینات اسرائیلی سفیر امیر ہائیک نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ایک اور خوشی کا لمحہ جب متحدہ عرب امارات میں پہلا اسرائیلی پاسپورٹ یہاں پیدا ہونے والے اسرائیلی بچے کو دیا گیا۔خیال رہے کہ ستمبر 2020 میں امریکی ثالثی میں ہونے والے معاہدۂ ابراہیم کے تحت متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کا آغاز ہوا تھا اور اُسی سال مزید 4 عرب ممالک نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرلیے تھے۔دوسری جانب آج آذربائیجان نے بھی اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سفارت خانہ تل ابیب میں کھولا جائے گا جب کہ 1993 سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اسرائیل کا اپنا سفارت خانہ قائم ہے۔آذربائیجان ایک شیعہ اکثریتی ملک ہے جس کے ایران کے ساتھ تعلقات کافی مضبوط ہیں تاہم ایران کی مخالفت کے باوجود آذربائیجان نے سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کردیا۔