عالمی شدت پسند تنظیم داعش کا سربراہ ہلاک، ترجمان کی تصدیق

Published: 02-12-2022

Cinque Terre

دمشق/بغداد: عالمی دہشتگرد تنظیم داعش نے سربراہ ابو الحسن الہاشمی کی مسلح کارروائی کے دوران ہلاکت کی تصدیق کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق داعش کے ترجمان نے ابوالحسن کی ہلاکت اور ابوالحسین القریشی کے داعش کا نیا سربراہ منتخب ہونے کی تصدیق کی۔ترجمان نے اپنے آڈیو پیغام میں نئے سربراہ کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا تاہم اتنا کہا کہ نئے سربراہ ’سابق‘ عسکریت پسند ہیں اور تمام داعشی دفادار اپنے چوتھے سربراہ سے تجدید عہد کرنے کا مطالبہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عراق میں موجود داعش کو 2017 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ شام سے دو برس قبل ہی داعش کا خاتمہ ہوا ہے تاہم اب بھی دونوں ممالک میں داعش کے سلیپر سیل موجود ہیں جو دہشتگردانہ کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔دہشتگرد گروپ نے رواں برس افغانستان، ایران اور اسرائیل میں بھی دہشت گردانہ حملے کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔خیال رہے کہ رواں سال فروری میں داعش کا دوسرا سربراہ ابو ابراہیم القریشی ادلب میں امریکی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہوا تھا جب کہ اکتوبر 2019 میں امریکی فورسز نے پہلے سربراہ ابوبکر البغدادی کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔

اشتہارات