لبنان میں اقوام متحدہ کے قافلے پر حملہ، آئرش فوجی ہلاک
Published: 16-12-2022
بیروت: لبنان میں اقوام متحدہ کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں امن مشن میں شامل آئرش فوجی ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آئرلینڈ کی دفاعی افواج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دو بکتر بند گاڑیوں میں سوار آٹھ فوجی اہلکار بیروت کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں قافلے پر چھوٹے ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری افواج (UNIFIL) کے ایک اور اہلکار کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دو فوجی معمولی زخمی ہونے کی وجہ سے زیر علاج ہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود آئرش وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے واقعے کے متعلق گفتگو کریں گے۔اقوام متحدہ کے قافلے پر حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔