Published: 17-01-2023
کھٹمنڈو: نیپال طیارہ حادثہ میں جان کی بازی ہار دینے والی خاتون پائلٹ کے شوہر بھی پائلٹ تھے اور وہ بھی 16 سال قبل اسی طرح کے فضائی حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال کی ایئر لائن کمپنی کے ترجمان سدرشن برٹولا نے بتایا کہ خاتون پائلٹ انجو کھٹیواڈا نے 16 سال قبل اپنے شوہر پائلٹ دیپک پوکھرل کی فضائی حادثے میں ہلاکت کے باعث ملنے والی انشورنس کی رقم سے جہاز اُڑانے کی تربیت حاصل کی تھی۔اپنے شوہر کی طرح انجو کھٹیواڈا نے بھی پروفیشنل پائلٹ بننے کا اپنا خواب پورا کیا اور اسی ایئر لائن میں جاب کی جہاں ان کے شوہر بھی جہاز اُڑایا کرتے تھے اور 2006 میں جملا کے مقام پر طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ایئرلائن کمپنی کے ترجمان کے مطابق انجو کھٹیواڈا گزشتہ روز حادثے کا شکار ہوجانے والے طیارے میں بطور معاون پائلٹ موجود تھیں اور ان کے انسٹرکٹر ان کے ہمراہ تھے۔اس حادثے میں طیارے میں سوار تمام 72 افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے 68 کی لاشیں ملی ہیں جب کہ 4 کی تلاش جاری ہے۔ خاتون پائلٹ کی لاش بھی تاحال نہیں مل سکی۔خیال رہے کہ طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے تاہم اب تک صاف موسم میں لینڈنگ سے محض ایک منٹ قبل گھاٹی میں گر کر تباہ ہونے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا۔طیارے کے ایک مسافر سونو جیسوال کی فیس بک لائیو ویڈیو بھی وائرل ہوگئی جس میں جہاز کے گرنے اور پھر اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھنے کے مناظر قید ہوگئے۔واضح رہے کہ ایورسٹ جیسے دنیا کے بلند ترین پہاڑوں میں سے آٹھ پہاڑوں کے دیس نیپال میں طیاروں یا ہیلی کاپٹرز کے حادثوں میں 2000 سے لے کر اب تک تقریباً 350 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور زیادہ تر کی وجہ تیزی سے بدلتا موسم تھا۔