Published: 21-01-2023
لندن: برطانیہ کے وزیراعظم رشی سوناک نے اپنی گاڑی میں سفر کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر عوام سے معافی مانگتے ہوئے اپنی اس عادت کو ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔برطانوی میڈیا کے مطابق نومنتخب وزیراعظم رشی سوناک کی اپنی گاڑی میں بیٹھے حکومتی کارکردگی سے متعلق گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ سیٹ بیلٹ باندھے بغیر سفر کر رہے تھے۔ویڈیو وائرل ہونے پر عوام کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ جس پر وزیراعظم رشی سوناک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجھے غلطی کا احساس ہے، اپنی غلطی تسلیم کرتا ہوں اور معافی کا خواست گار ہوں۔جس پر میٹرو پولیس نے بھی بیان جاری کیا کہ وہ اُس معاملے سے آگاہ ہیں اور وائرل ویڈیو کا جائزہ لے رہے ہیں، اگر کچھ غیر قانونی ہوا تو کارروائی بھی کی جائے گی۔لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر نے نہ صرف وزیراعظم رشی سوناک کے سفر کے لیے مہنگے پرائیویٹ جیٹ کے استعمال کی بلکہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر بھی آڑے ہاتھوں لیا۔جواب میں وزیراعظم کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم برطانیہ کے مختلف علاقوں میں کم سے کم وقت میں پہنچنے کے لیے سفر کے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہیں اور یہ غیر ضروری نہیں ہوتا۔خیال رہے کہ رشی سوناک سے قبل بورس جانسن کو سالگرہ کی تقریب میں کورونا پابندیوں کی پاسداری نہ کرنے پر وزیراعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونا پڑا تھا۔